گورنمنٹ ماڈل و دینی مدرسہ حاجی کیمپ میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مذہبی سیاسی کاروباری ٹریڈ یونینز و انجمن اساتذہ پاکستان کی جانب سے ملک گیر سطح پر ریلیوں اور جلسوں کا اہتمام کیا گیا۔اقوام متحدہ کے دفتر میں کشمیر کے مسئلے سے متعلق یادداشت پیش کی گئی۔اس سلسلہ میں راولپنڈی و اسلام آباد کے تعلیمی ادارہ جات میں ملک بھر کے اساتذہ کی نمائندہ تنظیم انجمن اساتذہ پاکستان کے زیراہتمام گورنمنٹ ماڈل ودینی مدرسہ حاجی کیمپ اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے ایک قومی تقریب منعقد ہوئی۔جس میں اسلام آباد راولپنڈی کے سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی ادارہ جات کے سربراہان اساتذہ و طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ یکجہتی کشمیر کی تقریب سے انجمن اساتذہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ معراج خالد و دیگر تنظیمی و سربراہان ادارہ جات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انجمن اساتذہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتی ہے کیونکہ بانی پاکستان قائاعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیکر کشمیر کو پاکستان کی حمایت قرار دیا۔حکومت پاکستان کی مضبوط و مؤثر خارجہ پالیسی کی بدولت جموں وکشمیر کے مسلمانوں کو بہت جلد بھارت کے ظلم و ستم سے نجات ملے گی اور وہ پاکستان کا حصہ بنیں گے۔