اترپردیش میں شرپسندوں نے مسجد کا دروا زہ نذرآتش کردیا مسلمانوں میں غم وغصہ کی لہر‘ حالات کشیدہ
کاس گنج(آئی این پی) بھارتی ریاست اترپردیش میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ہونیوالے فرقہ وارانہ فسادات کی آگ ٹھنڈی بھی نہیں ہوئی تھی کہ شر پسندوں نے ایک مسجد کے دروازہ کو نذرِ آتش کردیا جس پر علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ،علاقے میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کردیا گیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر کاس گنج میں شر پسندوں نے علی الصبح کاس گنج کے گنج ڈنڈوارا قصبہ میں واقع مسجد کے دروازہ کو نذرِ آتش کر دیا اورمن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی ۔مسجد کے دروازہ میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور کشیدگی پھیل گئی۔صورتحال کشیدہ ہوتے دیکھ کر علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ پولیس نے نامعلوم افرادکے خلاف معاملہ درج کرلیااور مسجد کے دروازے کو آگ لگانے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔