کشمیر پاکستان کی شہ رگ ، اس کے بغیر پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں: چوہدری عبدالغفور
راولپنڈی(نوائے وقت نیوز)پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے منعقد کردہ یوم یکجہتی ِ کشمیر تقریب میں رکن قومی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر ملک ابرار احمد اور ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور خان سمیت مقررین نے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،کشمیر صرف تقریریں کرنے سے آزادنہیں ہو گا اس کیلئے باقاعدہ مہم چلاتے ہوئے عالمی طاقتوں کو جنجھوڑنا ہو گا،اس مقصد کیلئے حکومت پاکستان فی الفور او آئی سی کا اجلاس پاکستان میںبلائے ۔مہمان ِ خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور خان نے تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کے دلوں کی ایک ہی آواز ہے کہ پاکستان ہمارے لئے ایک جسم کی مانند ہے اور اس کی شہ رگ کشمیر ہے اورہر ذی شعور انسان جانتا ہے کہ شہ رگ کے بغیر زندہ رہنا ممکن ہی نہیں۔ بھارت کے غاصبانہ روّیے نے کشمیر کو گزشتہ ستّر سالوں سے لہو لہان کر رکھا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں بچا جس کے مکینوں کو بھارت کی بربریت کا سامنا نہ کرنا پڑا ہو اور وہاں کسی شہید کی ماں، بہن ،بیٹی موجود نہ ہو۔ پاکستان نے تمام عالمی فورمز پر بھارت کے ظلم و جبر اورکشمیریوں کے حق ِ خود ارادیت کیلئے آواز اٹھائی جس کے نتیجے میں اقوام ِ متحدہ نے بھی قرارداد پاس کی کہ اس مسئلہ کو کشمیر یوں کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے لیکن بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آتا۔چوہدری عبدالغفور نے نریندر مودی کو یہ پیغام دیا کہ جتنا چاہے بھارت ظلم کرلے لیکن کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکے گا۔ ان کے حق ِ آزادی کو پامال نہیں کر سکے گا۔ ان کاجذبہِ حُریّت کبھی ٹھنڈا نہیں پڑے گا اور کشمیری قوم کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان کشمیریوں کے حق ِ خود ارادیت کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا اور جہاں بھی ممکن ہوا، بھارت کے ظلم کے خلاف آواز بلند کرے گا۔ رکن قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیرملک ابرار احمد نے خطاب میں کہا کہ بھارت نے کشمیر کو اپنی کالونی سمجھ رکھا ہے اور جبر و ستم کے باعث میرے لہو لہان کشمیری لوگ نہ عید منا سکتے ہیں نہ ہی انہیں مذہبی آزادی حاصل ہے۔ کشمیر کسی کی میراث نہیں ہے اور اس کے عوام کے علاوہ کسی کا اس پر حق نہیں۔ پاکستانی حکومت و افواج اور عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وقت آنے پر ہم خون کا آخری قطرہ تک بہا دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ہوٹلز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین حامد سبحانی اور سینئر صحافی محمد فہیم انور نے کہا کہ نہتے کشمیر ی عوام پر بھارتی افواج کے ظلم واستبداد پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے۔مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرارداوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق رائے دہی دینے ہی میں ہے۔ طلم کی رات جتنی بھی طویل ہو آ خر صبح کا اجالا ہونا ہی ہے۔ بھارت کو جلدکشمیر سے نکلنا پڑے گا، وہ وقت دور نہیں جب 90ہزار سے زائد کشمیری مجاہدین کی جانوں کی قربانی رنگ لائے گی اور کشمیرمیں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ اس موقع پر کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم سے متعلق دستاویزی فلمز بھی دکھائی گئیں۔ فلشمینز ہوٹل کو کشمیر کی تحریک ِ ٓزادی سے متعلق پینا فلیکس اور بینرز سے سجایا گیا تھا ۔ تقریب کے دوران ملّی و کشمیری نغمات بھی پیش کیے گئے۔