مسلح افراد نے گھر سے 15 لاکھ کے زیورات‘ کرنسی و دیگر سامان لوٹ لیا
لاہور (نامہ نگار) بیرون ملک مقیم جوہرہ خاتون نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے گھر جہلم پولیس کی ملی بھگت سے مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور گھر سے 15 لاکھ روپے مالیت کے زیورات‘ ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔ خاتون کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ پنڈرتوال میں اس کے گھر دو پولیس والے آئے۔ انہوں نے میرے خاوند کے بارے میں پوچھا میں نے بتایا کہ میرے خاوند میاں عبدالغفور کسی کام کے سلسلہ میں گھر سے باہر گئے ہیں۔ جس کے بعد دونوں پولیس اہلکار وہاں سے چلے گئے اور پھر مسلح افراد نے ان کے گھر داخل ہو کر ڈکیتی کی واردات کر ڈالی۔ ہم نے ملزمان محمد اصغر‘ لیاقت بٹ‘ امتیاز‘ صدیق‘ محمود‘ نسیم‘ شیخ نبیل‘ نومی‘ واجد‘ قاضی خالد وغیرہ کے خلاف تھانہ میں مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست دی ہے۔ یہ ملزمان ہماری جائیداد پر قبضہ کرنا چاتے ہیں اور ہمیں ڈرا دھمکا رہے ہیں تاکہ ہم پاکستان چھوڑ کر دوبارہ باہر چلے جائیں۔ اعلیٰ حکام اس صورتحال کا نوٹس لیں۔ ہمیں انصاف دلایا جائے جبکہ مجھے و میرے اہلخانہ کو جان کا تحفظ بھی فراہم کیا جائے۔