کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ‘ چینی شہری ہلاک‘ راہگیر زخمی‘ ٹارگٹ کلنگ لگتی ہے: ڈی آئی جی
کراچی(کرائم رپورٹر) زمزمہ میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے چینی شہری ہلاک ہوگیا جبکہ راہگیر حسن عباس زخمی ہوا ہے جس کی ٹانگ میں گولی لگی ہے، ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے زم زمہ میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے چینی شہری ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق سفید رنگ کی کار میں موجود ملزمان نے چینی شہری کی کار پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے‘ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے 7 خول ملے ہیں، پولیس نے تفتیش کا آغاز کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ ڈی آئی جی سائوتھ کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے، تفتیش سی ٹی ڈی کے سپرد کردی گئی۔ علاوہ ازیں پولیس نے عزیز آباد کے علاقے سے اے ٹی ایم کو لوٹنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ اے ٹی ایم سے چوری کررہا تھا کہ اس دوران بینک کا سیکیورٹی الارم بجنا شروع ہوگیا جس پر بینک میں موجود گارڈز نے فوری طور پر اطلاع دی۔پولیس نے بروقت موقع پر پہنچ کر ملزم کو چوری کے آلات سمیت گرفتار کر لیا جب کہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی۔ یاد رہے کہ پاکستان میں اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعے فراڈ کا کیس گزشتہ برس دسمبر میں منظر عام پر آیا تھا جس میں انکشاف ہوا کہ سکمرز کراچی کے 579 اے ٹی ایم کارڈز سے رقم نکلوا چکے ہیں۔