ایران پاک فیڈریشن کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی
لاہور ( خصوصی رپورٹر)قابض بھارتی فوج کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتی۔ کشمیری قوم عالمی برادری کا ضمیر جاگنے کی منتظر ہے،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ضرور فتح سے ہمکنار ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار ایران پاک فیڈریشن آ ف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان کی قیادت میں شاہدرہ میںیوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ ضیاء الرحمان، رائے مزمل حسین اور دیگر عہدے داروں نے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم وستم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا، کشمیری عوام حق خود ارادیت کے لیے عالمی برادری کا ضمیر جاگنے کے منتظر ہیں۔ عظیم قربانیوں کی منزل انشا اللہ کامیابی ہے۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ کشمیری عوام رائے شماری کا حق چاہتے ہیں۔ قابض بھارتی فوج کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت اور مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی آزادی تک ان کی حمایت جاری رکھے گی۔