شاہ عبدالطیف کی شاعری دنیا بھرکیلئے ہے: ڈاکٹر محمد علی شیخ
کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا ہے کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی نے اپنی شاعری میں عورت کاجو ذکر پیش کیا ہے اور جس طرح عورت کے کردار بیان کیے ہیں اگر خواتین اس پر عمل کریں تو وہ دنیا کا مقابلہ کرکے ایک اونچا
مقام حاصل کرسکتیں ہیں،شاہ عبدالطیف کی شاعری کا پیغام نہ صرف سندھ بلکہ پوری دنیا کیلئے ہے، آج کی عورت کو شاھ لطیف کے کلام کا روپ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ شب سراج انسٹیٹوٹ آف سندھ اسٹڈیز کے تحت منعقد ہونے والے’’ نٹرنیشنل لطیف فیسٹیول‘‘ میں شرکت کرنے والے وفد کے اعزاز میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں منعقدہ عشایئے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں عالمی اور ملکی سطح کی شخصیات نے شرکت کی۔فیسٹیول کی آرگنائیزر اور سراج انسٹیٹوٹ آف سندھ اسٹڈیز کی چیئرپرسن فہمیدہ حسین نے کہا کہ ہم نے شاہ عبدالطیف کے پیغام کو آسان زبان میں نوجوان نسل تک پہنچانے کیلئے یہ فیسٹیول منعقد کرایا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کے شکر گذار ہیں جنہوں نے وفد میں شامل عالمی اور دیگر رہنمائوں کو یہاں پر مدعو کیا۔