جامعات کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے:ڈاکٹرمصدق ملک
کراچی (نیوز رپورٹر) وزیر اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاکہ سائنس و ٹیکنالوجی کی وجہ سے دنیا اتنی تیزی سے بدل رہی ہے کہ جو چیزیں کل ناممکن تصور کی جاتی تھیں وہ آج ہماری معمولاتِ زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہیں ۔ عصر ِ حاضر میں محض وہ اقوام ترقی کر سکتی ہیں جو دورِ حاضر کے تغیرات سے ہم آہنگ پالیسیاں ترتیب دیں ۔ہماری خوش قسمتی ہے کہ چین جیسا ملک ہمارا دیرینہ دوست ہے اور اب سی پیک کی وجہ سے یہ دوستی مزید مستحکم ہو جائے گی ۔ محض چینی زبان سیکھنا کافی نہیں بلکہ چینی ثقافت سے ہم آہنگی بھی سی پیک کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ہماری جامعات کو دورِ حاضرکے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے، جامعات کا امتحانی نظام جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں رہا ۔ ہماری حکومت نظامِ تعلیم میں اصلاحات لا رہی ہے اور ہم تعلیمی شعبے میں وسیع سر مایا کاری بھی کر رہے ہیں ۔ جامعات کی ذمہ داری محض طلبہ کو تعلیم دینا نہیں بلکہ انکو مستقبل کے لیے تیار کرنا بھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اقرا ء یونیورسٹی میں نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈی ٹیشن کونسل کے زیر اہتمام اور اقرا یونیورسٹی کے اشتراک سے پانچویں ڈینزاینڈڈائریکٹرز کانفرنس استقبالیہ عشائیے کی تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئر مین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد ، ڈاکٹر وسیم قاضی ، ڈاکٹر حسن صہیب مراد اور ملک کی بیشتر سر کاری اور نجی جامعات کے وائس چانسلرز بھی موجود تھے۔