حکومت پاکستان کشمیر پالیسی کوموثر بنائے ‘میئرکراچی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کشمیر کے موضوع پر بھر پور انداز میں آواز اٹھائی جائے، میں حکومت پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ کشمیر پالیسی کو موثر بناتے ہوئے دنیا کے تمام ممالک میں واقع پاکستانی سفارت خانوں اور سفارتی نمائندوں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ جہاں جہاں بھی پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں وہاں کشمیر کے موضوع کو ہر سطح پر نمایاں کریں اور دنیا کو ان حقائق سے آگاہ کریں جو بھارت نہتے کشمیریوں پر بدترین تشدد کرکے ان پر ظلم کررہا ہے، کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دینے پر مبنی قائد اعظم کے الفاظ کو کشمیر پالیسی اور آئین کا حصہ بننا چاہئے اور اس پر عملدرآمد ہونا چاہئے، پاکستان بالخصوص کراچی کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے کراچی کے لوگ جانتے ہیں کہ آزادی کس چیز کا نام ہے، ہمارے آبائو اجداد نے قربانیاں دیں تو یہ ملک بنا، ہم کشمیری بھائیوں کی جدو جہد میں ہر طرح ان کے ساتھ ہیں امید ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی اور کشمیری عوام سکھ کا سانس لیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں یوم کشمیر کے موقع پر ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت سردار علی شاہ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے مرکزی ترجمان عبدالمجید ملک اور کشمیری رہنما سردار نزاکت علی نے بھی خطاب کیا، تقریب میں میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین لینڈ کمیٹی ارشد حسن، چیئرمین لاء کمیٹی عارف خان ایڈوو کیٹ سمیت دیگر کمیٹیوں کے چیئرمینز ، چیئرپرسن اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کے سربراہان اور عملے نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر اور صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت سردار علی شاہ کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے علامتی ریلی بھی نکالی گئی۔