
صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر تھانہ رمنا اسلام آباد میں ارشد شریف قتل کیس کی ایف آئی آر درج کی گئی۔اسلام آباد پولیس کے مطابق ارشد شریف قتل کیس کی ایف آئی آر سرکار کی مدعیت میں درج کی گئی۔پولیس نے ارشد شریف قتل کی ایف آئی آر میں 3 افراد وقار احمد، خرم احمد اور طارق وصی کو نامزد کیا ہے۔سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کی اور واقعے کی ایف آئی آر آج رات تک درج کرنے کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔