سازش کے تحت پارلیمنٹ سے دور کردیا گیا ، ثروت اعجاز قادری
کراچی(نیوز رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اہلسنت کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی کے لئے تمام تنظیمات و علماءکرام و مشائخ اہلسنت کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا ، بانیان پاکستان کی اولادوں کو سازش کے تحت پارلیمنٹ سے دور کردیا گیا ہے ، اہلسنت کی اسمبلیوں میں نمائندگی سیاسی طور پر ایک پلیٹ فارم بنانا ہوگا ، اہلسنت ملک کی غالب اکثریت اور بانیان پاکستان کی اولادوں کو ہمارے اسلاف نے پاکستان بنانے کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں ،ملک سے انتہا پسندی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اہلسنت کی تنظیموں علماءو مشائخ نے فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنت کے نائب ناظم اعلیٰ پیر الحاج محمد خالد سروری سلطانی کی عیادت کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر سندھ کے صدر نور احمد قاسمی ، پیر غلام رضوانی شاہ جیلانی ، پیر غلام حقانی ،علامہ محمود قادری و دیگر موجود ہیں ، ثروت اعجاز قادری نے اس موقع پر جماعت اہلسنت کے نائب ناظم اعلیٰ پیر الحاج محمد خالد سروری سلطانی کی عیادت اور ان کی صحتیابی کے لئے دعا کی ، ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے ،عوام دشمن معاشی پالیسیاں بناکر آئی ایم ایف غریبوں کا استحصال کررہا ہے ،آئی ایم ایف غریب کا خون چوس رہی ہے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ،آئی ایم ایف سے جتنا قرضہ لیا جاتا ہے آدھا سود کی شکل میں چلا جاتا ہے اور آدھاکرپشن کی نظر ہوجاتا ہے ،عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر غربت کو ختم کرنے کی بجائے غریب کو ختم کیا جارہا ہے۔
ثروت اعجاز قادری