سموگ حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی‘12 سے زائد فیکٹریاں سیل‘ایک کروڑ 3 لاکھ جرمانہ
فیروزوالہ( نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ طارق علی بسراءنے کہا کہ سموگ کے تدارک کے لئے تمام متعلقہ محکموں نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ ، بھٹہ خشت اور انڈسٹری کے خلاف 1295 ایف آئی آر کے اندراج کے علاوہ 105 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کر دیا گیا، 12 سے زائد فیکٹریوں اور کارخانے سیل کر دئے گئے ، ڈپٹی کمشنر نے سموگ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ، تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں سموگ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مزید جرمانے اور انکے خلاف مقدمات درج کرائیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے سموگ کے حوالے سے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری مظہر علی سرور ، اسسٹنٹ کمشنرز محترمہ زینب طاہر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر ڈاکٹر ظفر اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر محمد خالد خان کاکڑ، چیف آفیسر ضلع کونسل اور دیگر افسران موجود تھے، ڈپٹی کمشنر طارق علی بسراءنے کہا کہ عوام میں سموگ کے حوالے سے لٹریچر تقسیم کیا جائے، مساجد میں اعلانات کرائے جائیں ، اور باقیات کو نہ جلانے کے لیے خصوصی ٹیموں کو مختلف علاقوں میں بھجوایا جائے عوام کو آگاہی دیں تاکہ عوام اس کام سے باز آجائیں، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ طارق علی بسرائ نے بتایا کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں 124 فیکٹریوں میں ائیر پولیشن کنٹرول سسٹم لگوایا دیا گیا ہے ، اور مزید لگوایا جارہا ہے، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنجاب بھر میں سموگ کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانہ اور کاروائیوں کی کوئی مثال نہیں ملتی، اور اس سلسلہ میں لاہور ہائیکورٹ لاہور کی طرف سے ڈسٹرکٹ کے افسران کی بروقت کاروائی کے پیش نظر ان کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا ہے۔