رائے ونڈ: یوٹیلٹی سٹور پر آٹا‘گھی دیگر اشیاءکی عدم دستیابی‘صارفین سراپا احتجاج
رائے ونڈ(نمائندہ نوائے وقت )رائے ونڈ یوٹیلٹی سٹور پر آٹا‘گھی سمیت دیگر اشیاءکی عدم دستیابی‘عملہ کے غیر مناسب رویے پر صارفین سراپا احتجاج۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ کی 5لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کیلئے قائم اکلوتے یوٹیلٹی سٹور پر آٹا،گھی،چائے پتی،دالوں سمیت اہم اشیاءکی عدم دستیابی پر شہری مایوس واپس لوٹ رہے ہیں ہفتے میں ایک بار 100تھیلا بھیج کر رائے ونڈ کے شہریوں کیساتھ سنگین مذاق کیا جارہا ہے 5لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کیلئے 500تھیلا ماہانہ بھیج کر شہریوں کو ذلیل ورسوا کرنے پر سماجی حلقے سراپا احتجاج بن گئے ہیں،خریداری کیلئے آنیوالی خواتین ومرد کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹور عملہ صارفین کیساتھ انتہائی بدتمیزی کیساتھ پیش آتا ہے اخلاق سے عاری عملہ خواتین کے ساتھ نارواسلوک اختیار کئے ہوئے ہے،بزرگ شہریوں کو مختلف حیلوں بہانوں سے پریشان کیا جاتا ہے جبکہ من پسند اور منطور نظر لوگوں کو آٹا،گھی سمیت دیگر اشیائ دی جاتی ہیں،لمبی قطاروں میں خواتین کو گھنٹوں انتظار کروایا جاتا ہے،دوسری جانب سٹور انتظامیہ کا موقف ہے کہ سٹاک کی کمی اور صارفین کی زیادتی کے باعث وہ شٹل کاک بن کر رہ گئے ہیں خواتین انکے ساتھ جھگڑا کرتی ہیں سینکڑوں خواتین کو 100تھیلا کیسے تقسیم کریں،بدتمیزی کے الزامات لگائے جاتے ہیں اگر ہمیں وافر سٹاک فراہم کردیا جائے تو صارفین کی مشکلات کیساتھ ساتھ ہماری پریشانی بھی کم ہو سکے۔
،واضح رہے کہ رائے ونڈ شہر میں صرف ایک یوٹیلٹی سٹور موجود ہے جو لاکھوں صارفین کی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت رائے ونڈ شہر میں مزید 5یوٹیلٹی سٹور قائم کرئے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوسکیں۔