ملک کو سیاسی و معاشی طور پر مستحکم بنائیں ، مولانا اسعد محمود
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر مواصلات نے کنسٹرکشن ٹیکنالوجی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو سیاسی و معاشی طور پر اتنا مستحکم بنائیں گے کہ ہمارے نوجوانوں کو ملک سے باہر جا کر کام کرنے کی ضرورت نہ ہو بلکہ انہیں پاکستان میں ہی ترقی و خوشحالی کہ تمام مواقع مہیا ہوں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے وزارت مواصلات کے ماتحت ادارے کنسٹرکشن ٹیکنالوجی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا جہاںڈائریکٹر سی ٹی ٹی آئی کرنل(ر)عاطف جلیل نے وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کا استقبال کیا ۔ اس موقع پرسیکرٹری مواصلات و بورڈ چئیرمین سی ٹی ٹی آئی کیپٹن( ر )محمد خرم آغا بھی وفاقی وزیر مواصلات کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر سی ٹی ٹی آئی کرنل (ر)عاطف جلیل نے وفاقی وزیر اسعد محمود کو ادارے کے شعبہ جات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کنسٹرکشن ٹیکنالوجی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں دو اور تین سال کے کورسز کروائے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ سی ٹی ٹی آئی 45 شارٹ کورسز کروا رہا ہے، جو3ماہ سے 6 ماہ پر مشتمل ہوتے ہیں۔ بعد ازاں وفاقی وزیر اسعد محمود نے مکینیکل، سول، کوانٹیٹی سروے، آٹو ڈیزل، آئی سی ٹی، ہاسپیٹلٹی مینیجمنٹ سمیت دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا ۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر سی ٹی ٹی آئی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس طرح کے مزیدادارے ملک کے دیگر شہروں میں بھی بنائے جانے چاہئیں تاکہ ہمارے نوجوان جدید تکنیکی صلاحیتوں سے مالا مال ہو کر ملک و قوم کے لئے سود مند ثابت ہو سکیں ۔
مولانا اسعد محمود