کرپشن کے خاتمے کیلئے قوانین پرعمل کرنا ہوگا، ڈائریکٹر نیب
ملتان ( خصوصی رپورٹر) بدعنوانی کے خلاف عالمی دن کے حوالے سے نیب ملتان کے زیراہتمام بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے جناح آڈیٹوریم میں "ہمارا ایمان، کرپشن فری پاکستان" کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان فیاض احمد قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ صدارت ڈائریکٹر نیب ملتان چوہدری نیاز حسن نے کی۔ اس تقریب میں جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلبہ و طالبات نے کرپشن کے خاتمے اور کرپشن فری پاکستان کے عنوان سے اردو اور انگریزی میں تقاریر کیں۔اس موقع پرزکریا یونیورسٹی کے جناح آڈیٹوریم کی گیلری میں بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق مختلف پینٹنگز کی نمائش بھی کی گئی۔ جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ ڈائریکٹر نیب ملتان چوہدری حسن نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون سازی کیساتھ ساتھ قوانین پرعملداری کو یقینی بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا ادارہ بدعنوانی کے خاتمے میں امید کی کرن بن کے سامنے آیا ہے ۔ کرپشن کے ناسور کے خاتمے میں حکومت کیساتھ ساتھ ساری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا ہونا ہوگا۔بعد ازاں ڈائریکٹر نیب نے تقریری مقابلے میں ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویڑنز کے کامیاب اور شریک طلباء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔