سیکرٹری صحت سے پی ایم اے کی وفد کی ملاقات، مسائل سے آگاہ کیا
ملتان(خصوصی رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے)ملتان کے وفد نے گذشتہ روز سیکرٹری ہیلتھ پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب ڈاکٹر محمد اقبال سے ملاقات کی پی ایم اے کے وفد نے ملاقات میں گورنمنٹ شہباز شریف جنرل ہسپتال ملتان سے تبدیل کئے جانے والے آئی سرجن ڈاکٹر محمد عباس کے تبادلے کے آرڈر کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جسے سیکرٹری ہیلتھ نے منظور کرتے ہوئے ان کے تبادلے کے احکامات کو منسوخ کر دیا جبکہ ملاقات میں پی ایم کے وفد نے صحت کے شعبہ میں درپیش ڈاکٹرز اور مریضوں کے مسائل کے حوالے سے بھی بات چیت کی جس پر سیکرٹری ہیلتھ نے انہیں یقین دہانی کروائی کے تمام مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جائے گا۔ دریں اثناء سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا ہے کہ ہفتہ غذائیت منانے کا مقصد لوگوں کو بچوں، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی مائوں کی غذائی ضروریات بارے آگاہی دینا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر شیرشاہ ملتان میں آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام کی جانب سے منعقدہ ہفتہ غذائیت و صحت کی تقریبات کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب ڈاکٹر مہر محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ جنوب ڈاکٹر ذوہیب حسن اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔