مشیر وزیر اعلیٰ کا ڈیرہ میں سلاٹر ہاؤس‘ مارکیٹوں‘ فلور ملز کا دورہ
ملتان (خبر نگارخصوصی) مشیر وزیر اعلیٰ چوہدری طارق زمان گجر نے ڈیرہ غازی خان میں سلاٹر ہاؤس،مارکیٹوں اور فلور ملز کا اچانک دورہ کرکے باسی اور جعلی مہر والا گوشت فروخت کرنے پر قصاب شیخ راشد کو گرفتار کرادیا۔گوشت ضبط کرنے کے ساتھ مقدمہ درج کرانے کے احکامات بھی جاری کردئیے۔کارپوریشن آفس میں سی او جواد الحسن گوندل اور دیگر عملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بہتری کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں باسی اور مضر صحت گوشت کی اطلاع پر کارروائی کی ہے۔سلاٹر ہاؤس کے بغیر کسی بھی جگہ پر مویشی ذبح کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی گی۔مذبحہ خانہ میں ویٹرنری ڈاکٹر کی موجودگی میں مویشی ذبح کرایا جائیگا۔ذبح ہونے سے پہلے مویشی کا مکمل معائنہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گوشت مارکیٹ کے معائنہ کے دوران انکشاف ہوا کہ مافیا نے جعلی مہریں بنائی ہوئی ہیں اور شہر کی گلی محلوں میں مویشی ذبح کرکے گوشت پر مہریں لگاکر فروخت کیا جاتا ہے۔مشیر وزیر اعلی نے کہا کہ صحت مند مویشی کے گوشت کی دستیابی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔مشیر وزیر اعلی نے کمشنر لیاقت علی چٹھہ سے بھی ان کے آفس میں ملاقات کی۔