انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ میٹریلز میں بدنظمی‘ وائس چانسلر جامعہ زکریا برہم
ملتان(خصوصی رپورٹر) زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ میٹریلز کا اچانک دورہ کیا۔ طلباء کی بڑھتی ہوئی شکایات اور شعبہ کی ابتر انتظامی حالت پر وائس چانسلر کے اس دورہ میں انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ میٹریلز کے طلباء اور عملہ غیر حاضر پائے گئے تھے۔ وی سی نے شعبہ کی ابتر حالت پر اپنی گہری تشویش اور برہمی کا اظہار کیا۔ بغیر اطلاع دئیے اورغیر حاضری کی وجہ سے وی سی نے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر وحید احمد، انجینئر عامر ریاض، انجینئر فوزیہ اور لیب انجینئر حمزہ کو "شوکاز" اور "ناراضگی" کے لیٹر جاری کئے۔ طلباء نے بتایا کہ بگڑتی ہوئی تعلیمی صورتحال کے حوالے سے مختلف شکایات پہلے ہی پاکستان انجینئرنگ کونسل اور محکمہ ہائر ایجوکیشن حکومت پنجاب کو دی جا چکی ہیں۔ تمام طلباء اور سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے ہزاروں انجینئرنگ طلباء کے مستقبل کو بچانے کے لئے سخت کارروائی کی جائے۔