ملی بھگت؟ نشتر روڈ پر سربمہر میڈیکل سٹور چند گھنٹے بعد ڈی سیل
ملتان(خصوصی رپورٹر) نشتر روڈ پر واقع میڈیکل سٹور ایک روز کے اندر سربمہر ہونے کے باوجود اچانک کھل گیا۔جسکی وجہ سے دیگر میڈیکل اسٹورز مالکان میں تشویش پائی جاتی ہے .معلوم ہوا ہے کہ محکمہ صحت ملتان کی ڈرگ برانچ کی ٹیم نے ایک روز قبل نشتر روڈ پر واقع میڈیکل سٹور کو ممنوعہ ادویات کی برآمدگی سمیت دیگر وجوہات کی بناء پر سیل کیا تھا۔جو بغیر ڈی سیل کے احکامات لئے غیر قانونی طور پر دوبارہ کھل گیا ہے۔جس پر نشتر روڈ پر واقع دیگر میڈیکل اسٹورز مالکان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سفارش کی وجہ اس میڈیکل سٹور نے قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں ۔ڈرگ انسپکٹروں کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر مذکورہ میڈیکل سٹور کو سیل کریں۔اور تھانے میں مقدمہ درج کرائیں۔دوسری جانب ڈرگ افسر کا اس بارے میں کہنا ہے کہ غیر قانونی میڈیکل سٹور کھولنے کی کسی کو بھی ہرگز کوئی اجازت نہیں۔ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے۔کمبوہ میڈیکل سٹور کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست تھانے کو دی جارہی ہے۔تاکہ جلد از جلد مقدمہ درج ہوسکے۔