جعلی ریکارڈ،بلیک مارکیٹنگ پر2فلور ملزکا کوٹہ معطل،7 روز کیلئے بند
ملتان،بورے والا ( خبر نگار خصوصی،نامہ نگار) ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے وہاڑی کے علاقے میں سمرا فلور ملز چوک میتلا پر اچانک چھاپہ مارا اور جعلی ریکارڈ مرتب کر نے پر ایک ہزار تھیلے پکڑ لئے ، فلور ملز کا کوٹہ معطل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر نے ملتان کی سلطان فلور ملز پر ایکشن لیتے ہوئے سرکاری تھیلے سے آٹا نکال کر بلیک مارکیٹنگ کرنے پر ملز 7 روز کیلئے بند کردی اور 90ہزار جرمانہ بھی کردیا۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی شہزاد جعفری نے فوڈ انسپکٹر محمد ارشد غوری کے ہمراہ سرکاری گندم کے کوٹہ پر آٹا فراہم کرنے والی فلور ملز پر اچانک چھاپے مار کر ناقص کارکردگی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 12 فلور ملز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے علاوہ دو فلور ملز کا گندم کا کوٹہ بھی منسوخ کردیا جبکہ بے ضابطگیوں پر مختلف فلور ملز کو9 لاکھ 48 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا۔ ڈی ایف سی نے سرکاری نرخوں پر آٹا کی فراہمی کے لئے بنائے گئے سیل پوائنٹس پر بھی اچانک چھاپے مارے اور 15 سیل پوائنٹس کو مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے اور بے ضابطگی پر 80 ہزار سے زائد کے جرمانہ کیا۔