وزیر خزانہ سے انڈر سیکرٹری جنرل یو این، جرمن سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل، ای ایس سی اے پی کی ایگزیکٹیو سیکرٹری ارمینڈا سلسیا الیسجہبانہ نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل/ ای ایس سی اے پی کی ایگزیکٹیو سیکرٹری محترمہ ارمینڈا سلسیالیسجہبانہ کا خیرمقدم کیا اور اقوام متحدہ کے معاون کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے مزید بین الاقوامی مدد کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے اس مشکل وقت میں دوست ممالک کے تعاون کو بھی سراہا۔ ای ایس سی اے پی کی ایگزیکٹیو سیکرٹری ارمینڈا سلسیاہالیسجہبانہ نے وزیر خزانہ کو ای ایس سی اے پی کے فریم ورک کے بارے میں آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار سے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے بھی ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیر خزانہ نے سفیرلفریڈ گراناس کو موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے بارے میں بتایا جن کا مقصد تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ سفیر نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ لمیٹڈ (پی ڈی ایف ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چوتھا اجلاس آج فنانس ڈویژن میں ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون و انصاف، سی ای او پی ڈی ایف ایل علی مہدی اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ کو پی ڈی ایف ایل کے کارپوریٹ ڈھانچے اور اس کے موجودہ پورٹ فولیو کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پی ڈی ایف ایل این پی پی ایم سی ایل کی ہولڈنگ کمپنی ہے جو آر ایل این جی پر مبنی دو پاور پلانٹس چلا رہی ہے۔ اجلاس کے دوران ہولڈنگ کمپنی اور این پی پی ایم سی ایل کی متعلقہ مالی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ/ملاقاتیں