نوجوان قوم کا مستقبل ، خوشحال بلوچستان مضبوط پاکستان کی ضمانت ، مقررین

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) فرنٹئیر کور بلوچستان (نارتھ) کی جانب بلوچستان کے ضلع سوئی میں گرینڈ یوتھ جرگے کا انعقادبلوچستان کے ضلع سوئی میں گرینڈ یوتھ جرگے کاانعقاد کیاگیا۔ جرگے کا مقصد ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں امن وامان اور خوشحالی کیلئے اقدامات کو فروغ دینا تھا۔ جرگے میں بگٹی یوتھ مومنٹ، سوئی یوتھ مومنٹ، نومنتخب کونسلرز، کرکٹ ایسوسی ایشن سوئی اور فٹبال ایسوسی ایشن سوئی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ نوجوانوں اور نومنتخب کونسلرز نے مقامی لوگوں کو درپیش مختلف مسائل پر روشنی ڈالی جس میں علاقے کے امن و امان کی صورتحال، تعلیم، صحت، پانی، گیس کی فراہمی اور بے روزگاری کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر ایف سی حکام نے بات چیت کرتے ہوئے بلوچ نوجوانوں کو بلوچ اقوام کی امید اور مستقبل قرار دیا۔ جرگے کے شرکا نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں ایف سی بلوچستان اور مقامی لوگوں کی قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے جسے کسی صورت بھی خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ پرامن اور خوشحال بلوچستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ گرینڈ یوتھ جرگے میں شریک نوجوانوں نے جرگہ کے انعقاد اور علاقے میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے ایف سی بلوچستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔