کراچی‘ چکرا گوٹھ پولیس وین حملہ کیس‘ آخری گواہ15 دسمبر کو طلب
کراچی(نیوز رپورٹر)انسداددہشت گردی کی عدالت نے سانحہ چکرا گوٹھ کیس میں آخری گواہ کا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 15 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سانحہ چکرا گوٹھ کیس کی سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے آخری گواہ کے ادھورے بیان وڈیو لنک سے ریکارڈ کرنے کی درخواست جمع کروادی۔ عدالت نے وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے کے لئے 15 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔ ملزم وکیل کے مطابق چوہدری منظور کو بیان مکمل نا ہونے سے کیس نو ماہ سے التوا کا شکار ہے۔ مقدمے میں بدنام زمانہ ٹارگٹ کلرز رئیس مما، اعجاز قادری عرف گورانی اور آصف اقبال شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کے تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج سمیت 5 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم رئیس مما نے 2011 میں کورنگی میں اپنی دہشت اور اجارہ داری قائم رکھنے کیلیے چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر حملہ کیا۔ فائرنگ سے ریزرو پولیس کے 3 اہلکار جاں بحق اوراہلکار سمیت 27 افراد زخمی ہوئے تھے۔