روس کے یوکرائن پر 17 میزائل حملے ، 2 افراد ہلاک : جنگ کی شدت کم ہوگی : امریکی خفیہ ایجنسی
نیویارک+ کیف (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) روس اور یوکرائن کی حالیہ جنگ کے بارے میں امریکہ کے خفیہ اداروں نے کہا کہ موسم سرما میں جنگ کی شدت میں نمایاں کمی آجائے گی۔ امریکی خفیہ ایجنسی کے سربراہ ایورل ہینس نے یہ خیال ظاہر کیا ہے کہ موسم سرما میں یہ لڑائی سست پڑنے والی ہے اور ممکنہ طور پر یہ کمی آنے والے مہینوں میں بھی جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ برطانوی وزارت دفاع نے ایک آزاد روسی میڈیا کے ادارے ’میڈوزا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی مہم کے حوالے سے روس میں عوامی حمایت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ روس میں 55 فیصد لوگوں نے یوکرائن کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کی ہے جبکہ 25 فیصد نے جنگ جاری رکھنے کا کہا ہے۔ یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ملک میں جاری بجلی کے بحران کے پیشِ نظر شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسمِ سرما میں صبر اور ہمت کا مظاہرہ کریں۔ داخلی تنازعہ، ہڑتال کی اجازت نہیں دے سکتے۔ یوکرائن میں کیف کے گورنر نے کہا ہے کہ روس کے میزائل حملوں میں توانائی کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ روسی حملوں کے بعد شہر کے 40 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ یوکرائن کے صدر نے کہا ہے کہ یوکرینی فوج نے روس کے بیشتر میزائلوں کو مارگرایا۔ دو مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ روس کے میزائل حملوں میں 2 افراد ہلاک اور متحدہ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوکرائن نے ایازان سرانوف کے فضائی اڈوں پر ڈرون حملوں کی کوشش کی۔ یوکرینی ڈرونز کو روکا گیا۔