اگلے چار ماہ میں روپے کی قدر مستحکم‘ تیل کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی کم ہوجائے گی‘ مشیر خزانہ

اسحاق ڈار نے ڈالر کو زبردستی پکڑ رکھا تھا ، اس کے معیشت پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں،سینیٹر منتخب ہو کر اپنی سابقہ کارکردگی برقرار رکھوں گا،شوکت ترین کی پشاور میں میڈیا سے گفتگو
مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ اگلے چار ماہ میں روپے کی قدر مستحکم‘ تیل کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی کم ہوجائے گی‘ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈالر کو زبردستی پکڑ رکھا تھا جس کے معیشت پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں‘ سینیٹر منتخب ہو کر اپنی سابقہ کارکردگی برقرار رکھوں گا۔
پیر کے روز پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ا یم ایف کے پاس جانا مجبوری تھی آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر لینے کا مقصد صرف ایک ارب ڈالر نہیں ہوتا بلکہ آئی ایم ایف جب رقم دیتی ہے تو پھر دوسرے مالیاتی ادارے ‘ عالمی بینک سمیت دیگر ادارے بھی قرضہ دینا شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے اثرات چار ماہ بعد آنا شروع ہوجائیں گے۔ تیل‘ سریا کی قیمتوں میں کمی اور روپے کی قدر مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی کمی بیشی ہوتی رہتی ہے۔ اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ماضی میں زبردستی ڈالر کی قیمت کو ایک جگہ پکڑے رکھا جس کی وجہ سے پچیس ارب کی درآمدات گر کر پندرہ ارب پر آگئیں اور ملکی معیشت پر برے اثرات مرتب ہوئے۔ حکومت کوشش کررہی ہے کہ برآمدات کو بڑھایا جائے اور درآمدات کو گھٹایا جائے۔ اگلے چار ماہ میں معیشت درست سمت میں چل پڑے گی۔