بھارت:مٹی کے برتن میں زندہ دفن کی جانے والی بچی صحتیاب

شمالی انڈیا میں زمین میں دفن کیے گئے مٹی کے برتن میں سے زندہ ملنے والی نومولود بچی کے ڈاکٹر نے کہاہے کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گئی ہے۔اکتوبر کے وسط میں اسے خون میں زہریلے اور فاسد مادے کے سرایت کرنے اور خطرناک حد تک پلیٹلیٹس گرنے کے باعث انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔ماہر امراض اطفال اور اس نومولود بچی کا علاج کرنے والے ڈاکٹر روی کھنہ نے بھارتی ٹی وی کوبتایاکہ اسپتال میں طویل علاج کے بعد اب اس بچی کا وزن بڑھ گیا ہے اور وہ بہتر طور پر سانس لے رہی ہے جبکہ اس کے پلیٹلیٹس کی تعداد میں بھی بہتر آئی ہے۔تاہم اب تک اس کے والدین کا سراغ نہیں لگایا گیا ہے اور لواحقین کے انتظار کی لازمی مدت کے بعد اسے گود لینے کے بارے انتظامات کیے جائیں گے۔ فی الحال ابھی وہ بچی شمالی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں چلڈرن ویلفیئر حکام کی تحویل میں ہے۔یہ بچی حادثاتی طور پر اکتوبر میں ایک مقامی دیہاتی کو اس وقت ملی تھی جب وہ اپنی مردہ پیدا ہونے والی بیٹی کو دفن کر رہا تھا۔