اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے اس عزم کااعادہ کیاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی حکومت آئینی تقاضوں کے مطابق اظہاررائے اور ذرائع ابلاغ کی آزادی پرمکمل یقین رکھتی ہے۔
اطلاعات ونشریات کے بارے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میڈیا کوحکومتی پالیسیوں پرنکتہ چینی کاحق حاصل ہے تاہم قومی مفاد کے حوالے سے اسے زیادہ ذمہ داری کامظاہرہ کرناچاہیے۔
انہوں نے یہ حقیقت تسلیم کی کہ میڈیا نے کشمیر اورناموس رسالت کے معاملے پرقومی بیانیے کو فروغ دیا۔
انہوں نے غلط معلومات اور جھوٹی اور بے بنیادخبروں کی روک تھام کی ضرورت پربھی زور دیا جن سے عدم استحکام پیدا ہوتاہے۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سے کہاکہ تمام فریقوں کی مشاورت سے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کی حکمت عملی وضع کرنے کے لئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے۔