مسلم لیگ کے خاتمہ کا خواب دیکھنے والے ہوش میں آجائیں‘ حاجی شاہجہاں
کراچی(نیوزرپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے سابق نائب صدر حاجی ایس ایم شاہجہاں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنمائوں کی قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ مشاورت کے لئے لندن روانگی کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صفوں میں بے مثال اتحاد کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے خاتمے کے خواب دیکھنے والے ہوش میں آجائیں اور کھلی آنکھوں سے دیکھ لیں کہ قائد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کراچی ، لاہور، اسلام آباد اور لندن تک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن چکی ہے۔ مسلط حکمران اپنی فکر کریں کروڑوں پاکستانیوں کا سمندر جھوٹ اور فریب کی سونامی کو نگلنے کے لئے تیار ہے۔ مسلح افواج کی توقیر کی بحالی کے لئے آئینی ترمیم کی ضمانت مسلم لیگ(ن) کا وزیر اعظم ہی دے سکے گا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کے سندھ میں معتمد خاص حاجی شیخ محمد شاہجہاں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صفوں میں بے مثال اتحاد اور قائد نواز شریف کے ساتھ محبت و عقیدت کے لازوال مظاہرے سے ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی پاکستان کے مقتدر اداروں کی عزت و توقیر کی حقیقی خیر خواہ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) بہت جلد ملک کو نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے لئے فائنل رائونڈ کا اعلان کرے گی۔