پاک فوج انتہائی تربیت یافتہ اوراعلیٰ جنگی صلاحیتوں کی حامل فورس ہے:آرمی چیف قمر جاوید باجوہ
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج سپاہی سے جنرل تک انتہائی تربیت یافتہ اور اعلیٰ جنگی صلاحیتوں کی حامل فورس ہے جو ملک کے دفاع اور سلامتی کے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے یہ بات بہاولپورکے نزدیک سٹرائیک کور کے دورے کے دوران کہی جہاں ان دنوں سرمائی مشترکہ تربیت جاری ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرحد پار حملے کی کارروائیاں کرنے کی تربیتی مشق دیکھی۔پاک فضائیہ کے لڑاکاطیارے اورآر ایس ایل ایف کے دستے نے مشق میں حصہ لیا۔آرمی چیف نے فضائیہ سمیت تمام فورسز کی تربیت کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔ انہوں نے خصوصاً سعودی عرب کی شاہی بری فوج کے دستے کی تربیت کے پیشہ ورانہ معیار کو بھی سراہا۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کی سٹرائیک کور جنگ کے دوران فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔ ایسی مشقوں سے جنگی استعداد کار کوبھرپوراندازمیں بروئے کار لانے کے لئے اعتماد میں اضافہ ہوتاہے۔