حکومت تمام سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے گی: عثمان ڈار
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت تمام سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے گی۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کسی قسم کا ڈیڈ لاک نہیں ہے کیونکہ حکومت ملک کے بہترین مفاد میں تمام سیاسی معاملات کو اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات سے حل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے گا جو جمہوریت کا حسن ہے۔ محمد عثمان ڈار نے اس امید کا اظہار کیا کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے درمیان مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے اور اپوزیشن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سمیت دیگر تمام ریاستی امور کے لئے مذاکرات کا عمل شروع کیا ہے، توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں تمام امور کو مذاکرات کے ذریعے حل کرلیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں کے دوران ہم چیف الیکشن کمشنر اور سندھ و بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے اراکین کے ناموں پر اتفاق کرلیں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے، حکومت ہر شہری کے ساتھ مساوی سلوک کرے گی۔