نیا پاکستان کا مقصد ہر بچے کو تعلیم، صحت اور روزگار سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع حاصل ہوں: صدر مملکت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت اور ذرائع ابلاغ سمیت معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں سے زیادتی کی روک تھام کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں جبکہ یکساں مواقع کی فراہمی کے ذریعے یتیم اور نادار بچوں کی بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام تھیلیسیمیا سینٹر میں بچوں کے عالمی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں خاتون اول ثمینہ علوی، ایم ڈی بیت المال عون عباس، سپیشل سیکرٹری کابینہ ڈویژن شائستہ سہیل اور مختلف شہروں کے سویٹ ہومز سے آنے والے بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں بچوں نے سلامی پریڈ پیش کی جبکہ بچوں سے زیادتی، چائلڈ لیبر کے موضوعات پر پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ صدر نے کہا کہ نیا پاکستان کا مقصد ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں ہر بچے کو تعلیم، صحت اور روزگار سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع حاصل ہوں۔ صدر مملکت نے قبل ازیں تھیلیسیمیا سنٹر کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کو علاج معالجے کے لئے فنڈز کی فراہمی کے لئے بیت المال کی کاوشوں کو سراہا۔ صدر نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ اس بیماری کی روک تھام کے لئے تدارکی اقدامات بھی ضروری ہیں، شادی سے قبل جوڑے کے اس بیماری سے متعلق میڈیکل ٹیسٹ کے لئے قانون سازی پر عملدرآمد کے ذریعے بھی اس بیماری کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے تجویز کیا کہ علماءدین کو نکاح نامے میں اس شق کو شامل کرنے پر بھی غور و خوض کرنا چاہیے، آیا کہ جوڑے کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ کرایا جا چکا ہے یا نہیں۔