تمباکو مصنوعات پر ’’گناہ‘‘ ٹیکس کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی
اسلام آ با د (آ ئی این پی)حکومت کی جانب سے سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات پر گناہ ٹیکس لاگو کرنے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑگئی ہے،منگل کے روز وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عامر محمود کیانی نے ایک سیمینار سے خطاب کے دوران سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو خبردار کیا تھا کہ حکومت سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات پر سن ٹیکس عائد کرے گی۔اس اعلان کے بعد متعدد صارفین نے ’’گناہ‘‘ ٹیکس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اظہار خیال کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ اگر حکومت تمباکو مصنوعات پر گناہ ٹیکس لاگو کرنے جا رہی ہے تو پھر میک اپ پر تو گناہ کبیرہ ٹیکس لاگو ہونا چاہیے،ایک اور صارف نے اسے ’’احمقانہ خیال‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ’’دیگر گناہوں‘‘ پر کیا ٹیکس عائد کیا جائیگا؟ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے خود بھی گناہ ٹیکس پر تنقید کر ڈالی،فیصل واوڈا لکھتے ہیں کہ وہ خود سگریٹ کے شیدائی ہیں اور حکومت کے ہر اس اقدام کو سراہتے ہیں جو سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں،ساتھ ہی انہوں نے لکھا، 'میں جانتا ہوں یہ صحت کیلئے مضر ہے لیکن اسے گناہ ٹیکس قرار دینا غلط ہے۔