صومالیہ میں دو خودکش بم دھماکے‘ دو صحافیوں سمیت نو افراد ہلاک‘ متعدد زخمی
موغادیشو (اے ایف پی+رائٹر) وسطی صومالیہ میں یکے بعد دیگرے دو خودکش بم دھماکوں میں 9 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بم دھماکے بیدوا دارالحکومت کے قریب ایک گا¶ں میں کئے گئے۔ مرنے والوں میں دو صحافی بھی شامل ہیں۔ خودکش بمبار نے پُرہجوم ٹی شاپ کے قریب خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس سے دو صحافیوں سمیت 9 افراد نشانہ بن گئے۔ دوسرا خود کش کار بم دھماکہ اس وقت کیا گیا جب وہاں امدادی سرگرمیاں جاری تھیں۔حکام کے مطابق کار قریبی پارکنگ میں کھڑی کی گئی تھی جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو گیا۔ نیشنل یونین آف صومالی جرنلسٹس نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیدیا۔ فوری طور پر کسی نے بھی ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔