جامع مسجد بحریہ ٹاﺅن میں سوا لاکھ سے زائد افراد نے نماز جمعہ ادا کی، ملک ریاض کیلئے خصوصی دعا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دنیا کی ساتویں بڑی جامع مسجد بحریہ ٹاﺅن لاہور میں سوا لاکھ سے زائد افراد نے گذشتہ روز نماز جمعہ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین اور تنظیم المدارس اہلسنت کے صدر مفتی منیب الرحمان کی امامت میں ادا کی جبکہ خصوصی خطاب مفتی محمد اکمل عطاءچانسلر الفرقان اکیڈمی نے کیا۔ اس موقع پر علامہ محمد بشیر احمد فاروقی سرپرست اعلیٰ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے خصوصی دعا فرمائی جس میںملک ریاض حسین چیئرمین بحریہ ٹاﺅن کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ بحریہ ٹاﺅن انتظامیہ نے اس موقع پر نماز ارو سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔ خواتین کا غیرمعمولی رش اور جوش وخروش دیکھنے میں آیا اور ہزاروں خواتین نے بھی نماز جمعہ ادا کی۔ گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹاﺅن میں 25 ہزار نمازیوں کی اندرونی احاطے میں گنجائش کے باعث اسے پاکستان کی سب سے بڑی مسجد ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ 165 فٹ بلند، 4 میناروں کے ساتھ ایک عظیم الشان گنبد اور 20 چھوٹے گنبدوں پر مشتمل یہ مسجد پاکستانی ثقافت اور اسلامی آرکیٹیکچر کا منفرد نمونہ ہے اس کی تزینو وآرائش میں 50 سے زائد دیدہ زیب فانوس، اسلامی فن تعمیر سے مزین 40 لاکھ ملتانی Mosaic ٹائل ہیں جنہیں ہنرمند کاریگروں نے 4 سال کی مدت میں بنایا۔ سنگ مر مر کے فرش کا استعمال کیا گیا ہے۔اس موقع پر مفتی منیب الرحمان نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اسلام امن، محبت، رواداری اور حسن اخلاق کا درس دیتا ہے۔ مسلمان دنیا وآخرت میں کامیابی کیلئے قرآن اور صاحب قرآن سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں۔ مفتی محمد اکمل عطاءنے کہا کہ مسلمان اللہ کے قرآن اور رسول اللہ کے فرمان کو اپنائیں۔