لاکھوں کے ڈاکے، مصری شاہ میں شہریوں نے خاتون ڈاکو پکڑلی، ساتھی فرار
لاہور، مانگا منڈی (نامہ نگاران) لاہور کے مختلف علاقوں میںڈاکوئوںاور چوروںنے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ مصری شاہ میں محلے داروں نے ایک خاتون ڈاکو کو اسلحہ اور لوٹے ہوئے سامان سمیت پکڑ لیا جبکہ اسکی ساتھی ڈاکو فرار ہو گئی۔ مصری شاہ اکرم روڈ کی رہا ئشی مریم اسماعیل کے گھر دو خاتون ڈاکو گھس آئیں اور اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر لوٹ مارکر کے فرار ہونے کی کوشش کی تو اہل خانہ نے شور مچا دیا جس پر محلے داروں نے ایک خاتون ڈاکو کو اسلحہ اور لوٹی ہوئی نقدی و زیورات سمیت پکڑ لیا جبکہ اسکی ساتھی ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔ مصری شاہ پولیس کے مطابق پکڑی گئی ڈاکو کا نام عائشہ اور فرار ہونے والی ڈاکو کا نام آصفہ ہے ۔ڈاکوؤں نے ڈیفنس وائے بلاک میں عثمان سے چار لاکھ روپے اور موبائل فون، مانگا منڈی میں موبائل ٹاور سے سکیورٹی گارڈ سرور کو باندھ کر چار لاکھ روپے کی بیٹریاں،گارڈن ٹائون طارق بلاک کے رہا ئشی عرفان الحق کے گھر سے 3 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون،برکی میں عباس کے جنرل سٹور، اسکے ہمسائے مرغی فروش اور سبزی فروش سے 2 لاکھ روپے کی نقدی و دیگر سامان ،سبزہ زار شاہ فرید دربار کے قریب رمضان سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون، ساندہ ریواز گارڈن میں سہیل رانا سے 93 ہزار روپے و موبائل فون، ٹائون شپ کالج روڈ پر واقع سعید کی دکان سے 84 ہزار و موبائل فون، گلشن اقبال کریم مارکیٹ میں یاسر اور اسکے دوست سے 81 ہزارسبزہ زار ملتان روڈ پر ایک بیکری سے 78 ہزار روپے اور موبائل فون، گلشن اقبال ہنزہ بلاک میں مسز عمران سے52 ہزارروپے و موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے اقبال ٹائون سے بلا ل، ستو کتلہ سے امجد، مصطفی ٹائون سے عاشر، ریس کورس سے فرح کی کاریں جبکہ پرانی انارکلی سے اشرف، کوٹ لکھپت سے شہباز، گجر پورہ سے ندیم، شاہدرہ سے نعیم، شاد باغ سے قاسم، مصری شاہ سے سرفراز، فیکٹری ایریا سے یوسف، جنوبی چھائونی سے عمران، ڈیفنس بی سے وقاص، باغبانپورہ سے وسیم کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ مانگا منڈی سے نامہ نگار کے مطابق سندر کے بارونق مین بازار میں شام ڈھلتے ہی ڈکیتی کی واردات، تین مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکو تشدد اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیکر لاکھوں روپے لوٹ کر فرا ر ہوگئے۔ اصغر علی نے سندر رائیونڈ روڈ پر الیکٹرونکس اور ایزی پیسہ کی دکان بنا رکھی ہے وہ اپنے بیٹے اسامہ اور ملازم اسد کے ساتھ دکان پر موجود تھے، شام کے فوراً بعد تین ڈاکو دکان کے اندر داخل ہو گئے اور آتے ہی تینوں کی کنپٹی پر اسلحہ رکھ دیا، تینوں کو ایک کیبن میں بند کر دیا اور سارے دن کی سیل تقریباً مبلغ 5لاکھ روپے نقدی لیکر 125موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہوگئے۔ سندر تھانہ کے انچارج اعجاز چیمہ نے واردات کی تصدیق کر تے بتایا ڈاکو 5لاکھ روپے نہیں 3لاکھ روپے لوٹ کر لے گئے۔