خالد سومرو پر حملہ کرنے والے 2 کرائے کے قاتلوں سمیت 12 گرفتار
سکھر (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے صوبائی سیکرٹری جنرل خالد سومرو پر حملہ کرائے کے 2 قاتلوں نے کیا جنہیں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کیس میں گرفتار 2 ملزموں سے حاصل ہونے والی معلومات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم قمبر شہداد کوٹ کے علاقے وارہ اور اس کا ساتھی بلوچستان کے علاقے ڈیرہ اللہ یار کا رہائشی ہے۔ ملزموں کے مطابق انہیں ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو قتل کرنے کیلئے بھاری رقم دی گئی تھی۔ تاہم ڈاکٹر خالد سومرو کو مارنے کے مقصد سے متعلق انہیں علم نہیں تھا۔ قبل ازیں پولیس نے ملزموں کے انکشافات پر تحقیقات کا دائرہ کار بلوچستان اور پنجاب کے کچھ اضلاع تک پھیلا دیا۔ پولیس کی پانچ سے چھ ٹیمیں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ دریں اثنا ایس ایس پی سکھر تنویر حسن تینو کی قیادت میں پولیس پارٹی نے سندھ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 10مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔