کامونکے: گیس لیکیج سے دھماکہ، چھت گر گئی، خاتون جاں بحق، بچی سمیت 3 زخمی
کامونکے (نامہ نگار) گیس لیکیج کے بعد دھماکے سے کمرے کی چھت گرنے سے 32 سالہ خاتون جاں بحق جبکہ کمسن بچی سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ محلہ مسلم گنج گلی عنایت والی کے خرم شہزاد رحمانی نے گذشتہ رات کمرے میں تازہ پلستر کو خشک کرنے کی خاطر کمرے میں گیس کا چولہا جلا دیا جبکہ خرم شہزاد راہوالی سے آئے اپنے برادر نسبتی محمد عرفان کے ساتھ زیر تعمیر کمرے میں سو گیا جبکہ اسکی اہلیہ صائمہ بی بی، دوسالہ میرب فاطمہ اور دس روز کے شیر خوار بیٹے علی جان کے ہمراہ دوسرے کمرے میں سو گئی۔ صبح 8 بجے کے قریب زوردار دھماکہ سے شدید آگ بھڑکنے سے چھتوں سمیت دونوں کمرے دھڑام سے آن گرے۔ چھت کے نیچے دب کر صائمہ بی بی موقع پرہی جاں بحق اور دو سالہ میرب فاطمہ، خرم شہزاد اور محمد عرفان شعلوں کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گئے، عرفان اور خرم شہزاد کو مقامی ہسپتال سے تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے تاہم حادثہ میں شیر خوار علی جان معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ اطلاع پاکر سٹی پولیس اور ریسکیو عملہ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئے۔