لاہور میں ممنون حسین کا قافلہ گزرنے کی وجہ سے نابینا افراد پر تشدد کی خبریں بے بنیاد ہیں: ترجمان ایوان صدر
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ نابینا افراد ہمارے معاشرے کے قابل احترام شہری ہیں، متعلقہ حکام ان کو درپیش مسائل حل کریں۔ جمعہ کو ایوان صدر سے جاری ایک بیان کے مطابق صدر نے لاہور میں پولیس اہلکاروں کی طرف سے معذور افراد پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ جن افراد پر تشدد کیا گیا وہ ملک کے قابل احترام شہری ہیں۔ بیان میں میڈیا کے کچھ سیکشنز میں چلنے والی ان خبروں کی تردید کی گئی جن میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں صدر مملکت کے قافلے کے گزرنے کی وجہ سے پولیس نے نابینا افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ یہ تمام خبریں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔ نابینا افراد پر تشدد پولیس کی اپنی نااہلی تھی۔ اس واقعہ کا صدر مملکت کے قافلے کے گزرنے سے کوئی تعلق نہیں۔