ملکی تاریخ میں پہلی بار تصویر کے ساتھ انتخابی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔ چیئرمین نادرا طارق ملک
غیر سرکاری تنظیم پلڈاٹ کے تحت دو ہزار بارہ میں پاکستان میں جمہوریت کے معیار کا جائزہ کے عنوان سے اسلام آباد میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کے لیے انتخابی فہرستوں میں ووٹر کی تصویر بھی لگائی جارہی ہے جبکہ روزانہ پندرہ ہزار افراد کو شناختی کارڈ جاری کیے جارہے ہیں۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے وفاق کو مظبوط کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے پاکستان کی سیاست میں نئی بنیاد رکھی ہے۔ ایم کیوایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے فروغ کے لیے مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے بعد میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔