سپریم کورٹ نے ٹھپہ مافیا کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ، جماعت اسلامی
کراچی( خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے سپریم کو رٹ کی جانب سے اتخابی فہرستیں درست کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عوام کی فتح قرار دیا ہے او رکہا کہ ہم اس تاریخی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کے ذریعے ٹھپہ مافیا کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ الیکشن کمیشن فوری طو رپر انتخابی فہرستیں درست کرنے کے انتظامات کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدادارہ نور حق میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراء برجیس احمد ، راجہ عارف سلطان ، نصر اللہ خان شجیع ، حافظ نعیم الرحمن ، ڈپٹی سیکریٹری مسلم پرویز ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سرفراز احمد بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ فوج او رایف سی کے اہلکاروںکی نگرانی میں گھر گھر جاکر انتخابی فہرستوں کو درست کرنے کا فیصلہ عوام کی فتح ہے ۔ کراچی میں جس بڑے پیمانے پر انتخابی فہرستوں کی تیاری میں بے قاعدگی اور بے ضابطی کی گئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ فہرستیں یونٹ او رسیکٹر آفس میں تیار کی گئیں اور اس بات کی کوشش کی گئی کہ کس طرح انتخابی نتائج کو اپنے حق میں کیا جائے۔ کراچی میں جب تک انتخابی عمل کو شفاف نہیں بنایا جاتا یہاں امن قائم نہیں ہوگا۔ کراچی میں مستقل اور پائیدار امن کے قیام کے لئے ناگزیر ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف بنایا جائے آزادانہ او رشفاف انتخابات کا انعقاد کراچی میں قیام امن کا ضامن ہوگا۔