امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا کہ امید ہے کہ آر جی ایس ٹی پارلیمنٹ سے پاس ہوجائے گا، حکومت اسے بہتر طور پر نافذ کرے۔
کراچی سٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر امریکی سفیرکیمرون منٹرکا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستانی معیشت کو بہتر دیکھنا چاہتا ہے، امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی اتحادی ہے پاکستان سے تین ارب ڈالر سے زائد کی مصنوعات ہر سال امریکہ جاتی ہے۔ حکومت کی شاہ خرچیوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سمیت صوبائی حکومتوں کے اخراجات انکی آمدنی سے زائد ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت سرکاری اداروں میں تین ارب سے زائد کی سبسڈی فراہم کررہی ہے جو کیری لوگر امداد سے دوگنی ہے۔انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری دو ہزار سات کے مقابلے میں ساٹھ فیصد گرگئی ہے۔ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں اٹھارہ کروڑپچاس لاکھ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گا ۔ایک سو پچاس میگا واٹ کے ونڈ پاورپراجیکٹ کے علاوہ ایل این جی اور دیگر منصوبے حکومت پاکستان کی منظوری کے منتظر ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں زراعت، اور توانائی کے شعبے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں