متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان
اسلام آباد : متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں ایک ارب کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا ، یواے ای کی نئی سرمایہ کاری سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔ عرب میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے متحدہ عرب امارات پاکستان کے اقتصادی سرمایہ کاری کے شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں نے معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا عزم کا اعادہ کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری ممکنہ طور پر اہم شعبوں بشمول گیس، انرجی انفراسٹرکچر ، زراعت، ہیلتھ کیئر، بائیو ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، ای کامرس، فنانشل سروسز میں کی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا، دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا اور معیشت کے مختلف شعبوں کا احاطہ کرنے والے منصوبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانا ہے۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے سرمایہ کاری پاکستان میں آئل اینڈ گیس، تعلیمی شعبے، توانائی بحران پر قابو کیلئے کی جائے گی۔