مخیر حضرات سیلاب کی تباہی کے شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں،شہباز شریف
وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے امدادی فنڈ قائم کر دیا۔وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ وہ عوام بالخصوص مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کرتے ہیں کہ سیلاب کی تباہی کا شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں ۔ تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت قیامت صغریٰ برپا کی ہے۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ جس طرح اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کرکے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے ۔سیلاب زدگان کے لئے رقوم پرائم منسٹر ریلیف فنڈ 2022 کے اکائونٹ نمبر 'جی-'12164 میں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جاسکے۔