
شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اس برس بھی یوم آزادی پورے جوش و خروش سے منائیں گے۔فنکاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قیام کو 75برس گذر چکے ہیں لیکن ابھی تک ہم اپنے ملک کو شاعر مشرق علامہ اقبال اور بانی پاکستان قائد اعظم کا پاکستان نہیں بناسکے جس کی بے شمار وجوہات ہیں، جن پر قیامِ پاکستان سے لے کر ابھی تک بحث جاری ہے۔کوئی سیاستدانوں پرالزام لگا رہا ہے تو کوئی عوام کو ذمہ دار ٹھہراتا ہے،کوئی اس کی ذمہ داری حکمرانوں پر ڈالتا ہے تو کوئی اسے بیرونی سازش قرار دیتا ہے،غرض ہرکوئی اپنی اپنی زبان بول رہا ہے لیکن ہم میں سے کسی نے بھی آج تک اپنے گریبان میں جھانکنے کی کوشش نہیں کی کیونکہ سب سے مشکل کام ہی خود احتسابی ہے۔ہریوم آزادی پر ہم وطن سے محبت کا دعوی تو کرتے ہیں،سبزہلالی پرچم بھی لہراتے ہیں،ملی نغمے بھی گاتے ہیں۔پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگاتے ہیں لیکن ہمارا عمل کیا ہے، کسی بھی بڑے شہر کی سڑکوں پر جاکر دیکھ لیں،جہاں عوام نے آزادی کے نام پر ایک اودھم مچایا ہوا ہے، نہ ماں بہن کی عزت کی جارہی ہے اور نہ بزرگوں کی،کہیں ون ویلنگ ہورہی تو کہیں موٹر سائیکلوں سے سائلنسرنکال کر دھوم دھڑکے،کیا آزادی اسی چیز کا نام ہے؟ جس کے جی میں جو آئے کرتے جائیں،نہ کوئی روکنے والاہو اور نہ کوئی ٹوکنے والا۔کبھی کسی نے آج تک یہ کیا ہے کہ یوم آزادی پر سب مل کر اپنے محلے کی صفائی ہی کرلیں یا کسی ضرورت مند کی مدد ہی کردیں۔