وفاقی وزیر خزانہ نے املاک فائنا نشلز کا افتتاح کردیا
کراچی(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں ایک تاریخی اور اپنی نوعیت کے پہلے اقدام اورمیوچل فنڈزکیلئے پہلے ڈیجیٹل ایگریگیٹرپلیٹ فارم ''املاک فائنانشلز''کا باضابطہ افتتاح کردیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم شروع میں میوچل فنڈزکیلئے ڈسٹری بیوشن چینل کے طورپر کامیابی کے ساتھ متعارف کرایاگیا تھا اور بعد میں دیگر ایسٹس کیلئے بھی متعارف کرایاگیا ہے۔سی ڈی سی ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں سی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے چیئرمین معین فُدانے وفاقی وزیرِخزانہ اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔املاک کیلئے پائلٹ پراجیکٹ ابتدائی طورپر پلیٹ فارم کے ذریعے سہولت اکاؤنٹ کھولنے کیلئے2021میں شروع کیا گیاتھا، جس کے بعد سی ڈی سی نے پلیٹ فارم کو توسیع دیتے ہوئے میوچل فنڈز کے ساتھ تعاون کرنے کے اپنے عز م کو جاری رکھا ہے۔ اکاؤنٹ کھولنے کی مکمل سہولت اب اس آن لائن انوسٹمنٹ پورٹل کے ذریعے شروع کی گئی ہے جوپاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلافیچر ہے جس میں مختلف ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے متعدد فنڈز کو ایک پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین کو سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہاکہ املاک فنانشلز جسے میوچل فنڈز کیلئے ڈیجیٹل ایگریگیٹر کے طورپر لاگوکیا گیا ہے، ایس ای سی پی کا انتہائی اہم اور بروقت اقدام ہے اور سی ڈی سی نے بہت اچھی طرح اس کا نفاذ کیا ہے۔ ہماری معیشت کیلئے یہ بہت ضروری ہے کہ ایسی سہولیات متعارف کرائی جائیں جو ملک میں سرمایہ کاری کے کلچر کو فروغ دیں اور سرمایہ کاروں کو ایک آسان اور معلوماتی پلیٹ فارم فراہم کریں۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین عامر خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ یہ میوچل فنڈانڈسٹری کیلئے ایک اہم سنگِ میل ہے کیونکہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن چینل کا آغاز ہواہے۔ ہم ایس ای سی پی میں ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے کارکردگی اور شفافیت کو فروغ دینے کیلئے ری انجنیئرنگ کے عمل کے حامی ہیں اور اس سلسلے میں تمام مطلوبہ ریگولیٹر مددفراہم کرکے ایسے تمام اقدامات کو سپورٹ اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر بدیع الدین اکبر نے پلیٹ فارم کے مقاصد بتاتے ہوئے کہاکہ املاک فنانشلز کا تصور میوچل فنڈ انڈسٹری کی ترقی اور پاکستان میں بنیادی سطح پر بچت کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے کیا گیا ہے۔ سی ڈی سی کیپٹل مارکیٹ کے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے پُر عزم ہے، جس کے ذریعے یہ ادارے اپنے سرمایہ کاروں کی رسائی کو آسان، معلوماتی اور انٹرایکٹو انداز میں بڑھانے کیلئے سی ڈی سی کی تکنیکی برتری کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تقریب سے میوچل فنڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مشمو مہ مجید نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کی ڈائریکٹر خالدہ حبیب، ایسٹ مینجمنٹ انڈسٹری اور دیگر انڈسٹریز کے نمائندے بھی موجود تھے۔