کچے کے علاقہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے کا حکم
لاہو(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے اور سپروائزری افسران ان آپریشنز کی خود نگرانی کرتے ہوئے شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ کچے کے دریائی علاقہ میں آپریشن کیلئے ضرورت پڑنے پر دیگر فورسز سے بھی کوارڈینیشن کی جائے اورآپریشن ایریا میں تعینات نفری کو بلٹ پروف جیکٹس سمیت ضروری سامان اور جدید اسلحہ کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے۔ فرنٹ لائن پر فرائض سر انجام دینے والے پولیس افسران و جوانوں کی حفاظت پہلی ترجیح ہے، کچہ میں جاری آپریشن میں شریک افسران و جوانوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔سیلاب سے متاثرہ شہریوں کی مدد کیلئے جاری حکومتی سرگرمیوں میں پولیس ٹیمیں اپنا موثر کردار ادا کریں اور دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات عملہ موٹر بوٹس پر پٹرولنگ کو مزید موثر بنائے۔ محرم الحرام میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے موثر اقدامات جاری رکھے جائیں اوریوم عاشور کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کیلئے پیشگی اقدامات کرلئے جائیں۔ حساس اضلاع میں پولیس ٹیمیں سرچ، سویپ،کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھیں اور یوم عاشور کے موقع پر افسران خود فیلڈ میں نظر آئیں۔ مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش پر زیرو ٹالرینس کے تحت سخت ایکشن لیا جائے اور نیشنل ایکشن پلان کے وضع کردہ قوانین پر من و عن عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ یہ احکامات انہوں نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں۔انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل کئے جائیں اور انہیں گراس روٹ لیول پر ہی انصاف کی فراہمی کا عمل یقینی بنایاجائے۔