مودی سرکار خطے کی سب سے بڑی دہشتگرد ریاست ہے: ذکر اللہ مجاہد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے مودی سرکار کو خطے کی سب سے بڑی دہشتگرد ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی جنگ لڑرہی ہے۔ بھارت جبر واستبداد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتا۔ مودی سرکار نے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور35 اے کوختم کرکے بھارتی آئین، اقوام متحدہ کی قراردادوں، جنیوا کنونشن، کشمیری عوام کی خواہشات اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی ہے جس کی کشمیر یوں سمیت پوری پاکستانی قوم یوم سیاہ منارہی ہے۔ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے کیلئے سر اپا حتجاج ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ دنیا کا سب سے بڑا انسانی بحران اور المیے بن چکا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں پانچ اگست، یوم استحصال کشمیر کے حوالے اپنے ایک بیان میں کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ اور کشمیر ی عوام پر ظلم و بربریت عالمی برادری کی بے حسی کوعیاں کرتا ہے۔ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ مضبوطی اور ولولے کے ساتھ کھڑی ہے بھارت کو اس کے ہر ظلم کا جوابدہ ہونا پڑے گا۔