صدرلاہور چیمبر نے تاجروں کا حقیقی نمائندہ ثابت کیا ہے:بزنس کمیونٹی
لاہور (کامرس رپورٹر )تاجر برادری نے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر کا بجلی کے بلوں پر فکسڈ ٹیکس کا فیصلہ واپس لینے کیلئے انتھک کوششوں پر بے حدشکریہ ادا کیا۔ لاہور کی تمام بڑی مارکیٹوں سے تعلق رکھنے والے بزنس کمیونٹی کے لیڈران نے کہا کہ لاہور چیمبر نے خود کو تاجروں کا حقیقی نمائندہ ثابت کیا ہے۔ ممبران کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے ان خوردہ فروشوں کو بچانے کیلئے آواز اٹھائی جن پر بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ ٹیکس عائد کیا گیا تھا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ اسے فوری طور پر واپس لے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کی یہ کوششیں رائیگا ں نہیں گئیں اور حکومت نے ری ٹیلرز اور چھوٹے دکانداروں کیلئے بجلی کے نرخوں میں ایک سال کیلئے فکسڈ ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔میاں نعمان کبیر نے مارکیٹ لیڈرز کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ حکومت نے لاہور چیمبر آف کامرس کے مطالبے کو اہمیت دی اور اس مسئلے پر فوری ایکشن لیا ہے جو کہ نہایت خوش آئندہے۔ شدید مہنگائی اور مشکل معاشی بحران کے اس دور میں حکومت کی جانب سے تاجروں پر اضافی بوجھ ڈالنے کا فیصلہ ان کیلئے کاروباری نظام کو بغیر رکاوٹ چلانے میں مدد کرے گا۔ پاکستان میں کاروباری لاگت دیگر علاقائی ممالک سے کہیں زیادہ ہے جبکہ بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ ٹیکس کا نفاذ چھوٹے ری ٹیلرز اور تاجروں کے لئے،جو پہلے ہی کم منافع کے مارجن پر کام کر رہے ہوتے ہیں،مشکلات کا سبب بن رہا تھا۔ قبل ازیں ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے حکومت کی تعریف کرتے ہوئے بجلی کے بلوں پر فکسڈ ٹیکس واپس لینے کے لاہور چیمبر کے مطالبے کو تسلیم کرنے پر سیاسی قیادت اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ حکومت کی عوام دوستی اور کاروبار دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبرکے مطالبے پر فکسڈ ٹیکس واپس لینے سے اعتماد سازی میں مدد ملے گی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے خیال کو فروغ ملے گا۔