محرم میں قیام امن کیلئے مثبت کردار ادا کرینگے ، فساد سے باز آجائیں : ارکان امن کمیٹی
راولپنڈی(جنرل رپورٹر) ضلعی امن کمیٹی راولپنڈی ماہ محرم الحرام میں قیام امن کے لیے مثبت کردار ادا کرے گی،بھائی کو بھائی سے جوڑنے کامشن جاری رہے گا، محرم میں قیام امن کے لیے امن کمیٹی مثبت کردار ادا کرے گی گزشتہ سال کی طرح امن کمیٹی اس سال بھی پورے پنجاب میں اول پوزیشن حاصل کرے گی ، ان خیالات کا اظہار ضلعی امن کمیٹی راولپنڈی کے چیئر مین مذہبی اسکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری، حافظ اقبال رضوی، قاری خالد محمود عباسی، قاضی ظہور الہی ، سید عطاء اللہ شاہ بخاری، چوہدری عبدالمجید ، یاسر اقبال رضوی اور سائیں اعجاز نے ’’ایوان وقت ‘‘ میں کیا،پیر سید اظہار بخاری نے کہا کہ امن کمیٹی نے فروعی اختلافات پس پشت ڈال کرنفرت کو ختم کیا امن کمیٹی کا ہر ممبر اپنے اپنے علاقے کا بادشاہ ہے یہ لاکھوں لوگوں میں سے چنے گئے وہ منتخب علماء ہیں، جو عوام میں اثر رسوخ رکھتے ہیں،قیام امن کسی پر احسان نہیں ہمارا ایمان ہے،امن کمیٹی ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق سی پی او شہزاد بخاری کی سرپرستی میں امن و امان کو مزید وسعت دے کر پورے پاکستان کے لیے ایک مثال قائم کرے گی حافظ محمد اقبال رضوی نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی تمام مکاتب فکر کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے قاری خالد محمود عباسی نے کہا محرم الحرام کے مہینے میں ضلعی امن کمیٹی کا کردار مثالی ہے، چوہدری عبدالمجید، یاسر اقبال رضوی اورسائیں اعجاز نے کہا امن پھیلانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔