سی ای او ایجوکیشن پر تشدد کرنے والے19 ملزمان کی عدالت میں پیشی
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)سول جج وجوڈیشنل مجسٹریٹ راولپنڈی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر برائے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی محمد اعظم کاشف پر تشدد کرنے ،اور سرکاری امور سے روکنے سمیت مداخلت کرنے کے مقدمہ میں ملوث 19 اساتذہ ،کلرک اور درجہ چہارم ملازمین کا 2روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا،گذشتہ روز مری روڈ پر سی ای او ایجوکیشن محمد اعظم کاشف پر تشدد کرنے والے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تو متعلقہ تھانے کی پولیس نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ابھی مقدمے کے حوالے سے ملزمان سے تفتیش ہونا باقی ہے ،استدعا ہے کہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے ،عدالت نے ملزموںکامران یونس اور نصیر احمد وغیرہ کا 2 دن کے لیے جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔وا ضح رہے کہ ملزمان نے سی ای او ایجوکیشن محمد اعظم کاشف کو جمعرات کو دفتر داخل ہونے کی کوشش پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا ان کے کپڑے پھاڑ دیئے تھے ،ا ن پر لاتوں مکو ں گھونسوں کی برسات کی تھی جس پر بعدازا ں پولیس نے آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا تھا ساتھ مقدمہ کا اندراج کیا تھا ۔